نئی دہلی،11؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے بیٹے شوریہ ڈوبھال نے آخر کار اپنے فاؤنڈیشن کو لے کر لگائے گئے الزامات پر خاموشی توڑدی ہے۔شوریہ ڈوبھال نے کہا ہے کہ الزام لگانے والوں کو الزام ثابت کرنا چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ نیوز ویب سائٹ دی وائر کی رپورٹ میں شوریہ ڈوبھال کے ’انڈیا فاؤنڈیشن‘پر مفادات کے تصادم اور لابئنگ کرنے کے لئے حکومت میں موجود فاؤنڈیشن کے ارکان کے تاثر کا استعمال کرنے کا مسئلہ اٹھایا ہے۔شوریہ ڈوبھال انڈیا فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ہیں۔دی وائر کی رپورٹ کے مطابق انڈیا فاؤنڈیشن ملک کے ٹاپ تھنک ٹینک میں سے ایک ہے، جس کے رکن چار سینئر وزیر ہیں۔رپورٹ میں ’انڈیا فاؤنڈیشن‘میں مودی حکومت کے وزراء کے شامل ہونے اور فاؤنڈیشن کو ملکی غیر ملکی کمپنیوں سے فائدہ پہنچنے کا دعوی کیا گیا ہے۔شوریہ ڈوبھال نے کہاکہ سیاسی بحثوں میں کوئی کچھ بھی کہہ سکتا ہے۔یہ ایک جمہوریت ہے۔لیکن عدالت میں انہیں الزام ثابت کرنے چاہیے۔جو بھی الزام لگا رہے ہیں، انہیں اپنے الزامات کو کورٹ میں ثابت کرنا چاہئے اگر وہ کورٹ کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔اور اگر وہ کورٹ نہیں جانا چاہتے اور صرف بحث کی سطح پر اسے اٹھا رہے ہیں تو اسے عوام کے درمیان لے جائیے اور عوام کے سامنے اسے ثابت کریں۔دی وائر کی ہی ایک اور رپورٹ میں بی جے پی صدر امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی کمپنی کو لے کر اٹھائے گئے معاملے پر شوریہ ڈوبھال نے کہاکہ بی جے پی کو بدعنوانی کے کسی مسئلے کو عدالت تک لے جانے میں کوئی پریشانی نہیں ہے، اور کانگریس کو بھی نہیں ہونا چاہیے۔اگر وہ سمجھتے ہیں کہ بی جے پی بدعنوان ہے تو انہیں انصاف کا راستہ اپنانا چاہیے اور کیس کو عدالت میں لے جانا چاہئے۔اس طرح کے معاملات کے لئے عدالت ہے ہی۔